۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
بزم استعارہ

حوزہ/بزم استعارہ قم المقدسہ میں مقیم پاکستانی اور ہندوستانی شعراء کی اردو بزم ہے۔ اس بزم کو ہر ہفتے باقاعدگی سے ایک شعری نشست منعقد کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس ہفتے کی شعری و تنقیدی نشست کا اہتمام بزم کے معزز رکن اور شاعر جناب ممتاز حسین عاطف کے گھر کیا گیا۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بزم استعارہ قم المقدسہ میں مقیم پاکستانی اور ہندوستانی شعراء کی اردو بزم ہے۔ اس بزم کو ہر ہفتے باقاعدگی سے ایک شعری نشست منعقد کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس ہفتے کی شعری و تنقیدی نشست کا اہتمام بزم کے معزز رکن اور شاعر جناب ممتاز حسین عاطف کے گھر کیا گیا۔ 

اس بزم میں شریک شعرا کے اسماء گرامی درج ذیل ہیں:
جناب صائبؔ جعفری، جناب احمد شہریارؔ، جناب ابراہیم نوریؔ، جناب سید ضیغمؔ نقوی بارہ بنکوی، جناب سید شمعؔ محمد رضوی، جناب حیدرؔ جعفری، جناب کاچو یوسف دانشؔ، جناب کاچو اظہرؔ، جناب ارشد سراغؔ، جناب ممتاز عاطفؔ، جناب عباس ثاقبؔ۔
منتخب اشعار
جناب صائب جعفری:
جو میرے کتبے پہ دستِ حنائی نے لکھی ہے
تمام عمر اثر مجھ پہ اس عبارت کا تھا

جناب احمد شہریارؔ:
--رباعی--
آنکھوں پہ تفاخر بھی نہیں کر سکتے
ذہنوں کا خلا پُر بھی نہیں کر سکتے
دوچار درخت دیکھنے والے لوگ
جنگل کا تصور بھی نہیں کر سکتے

جناب ابراہیم نوریؔ:
--رباعی--
اے ماہِ عزا! تیری قسم، رکھیں گے
آنکھیں غمِ شبیرؑ میں نم رکھیں گے
آنسو غمِ سرور میں بہانے والے
لاریب کہ جنت میں قدم رکھیں گے

جناب حیدرؔ جعفری
نصابِ عشق میں پوچھے گئے ہیں جو اکثر
جواب چھوڑیں، سوالات قیمتی ہیں بہت

سید ضیغمؔ بارہ بنکوی:
--بیادِ ڈاکٹر کلبِ صادق—
اک مفکر ادیب تھا، نہ رہا
ایک عالم خطیب تھا، نہ رہا
اب مریضانِ جہل جائیں کہاں
شہر میں اک طبیب تھا، نہ رہا

جناب ارشدؔ سراغ:
عصائے عشق سے ہم کو بھی معجزہ دکھلا
ہماری آنکھوں کی بنجر زمیں سے جھیل نکال

جناب شمعؔ محمد رضوی:
مطمئن سوتا رہے شعبِ ابو طالب میں جب
احمد مرسل کا مل جائے گا بستر، کیوں ڈرے؟

جناب کاچو یوسف دانشؔ

کس طرح آتے تمھارے شہر میں 
راستے سارے مرے مسدود تھے

جناب کاچو اظہرؔ:
یہاں ہر دم مدینے کی ہوائیں آتی جاتی ہیں 
اسی خاطر تو میری انسیت ہے شھر مشھد سے 

جناب عباس ثاقبؔ:
ہر منظر سے جھانک رہا ہے بھوک کا گہرا عکس
خالی پیٹ مصوّر کے شہ پاروں جیسے ہم

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .